لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ فواد چودھری اور ان کے خاندان سے برسوں پر محیط نہایت احترام و عقیدت کا رشتہ ہے، کل کے نادانستہ بیان سے فواد چودھری اور اہلخانہ کے جذبات مجروع ہوئے جس پر افسوس ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے فواد چودھری کے بھائی فیصل فرید ایڈووکیٹ سے ٹیلی فون رابطہ کیا، اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے گرفتاری کے حوالے سے بیان پر فواد چودھری کے اہلِ خانہ سے معذرت کی اور کہا کہ ان کی گرفتاری و جھوٹے پرچے کا اندراج سفاکیت، نہایت قابلِ مذمت ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اپنے بیان پر معذرت کرتا ہوں، فواد چودھری اور اہلِ خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔
اس موقع پر فیصل فرید ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ چودھری صاحب معذرت کرنا آپ کا بڑا پن ہے، آپ ہمیں شرمندہ کر رہے ہیں، آپ بڑے ہیں، میں اور میرا خاندان آپ کو اپنا بزرگ سمجھتے اور نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم بطور خاندان آپ اور آپ کے اہلِ خانہ کی سلامتی کیلئے دعاگو ہیں۔