پشاور: (دنیانیوز) پشاور میں ریڈیو پاکستان کا مرکزی گیٹ توڑنے والامبینہ ملزم گرفتارکرلیا گیا۔
پشاور پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان پشاور پر حملے کے بیشتر ملزمان کو شناخت کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریڈیو پاکستان پشاور کا مرکزی گیٹ توڑنے والا ملزم بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، جب کہ اس کا ساتھی بھی پولیس کی حراست میں ہے۔
حکام نے بتایا کہ محمدعمر نامی ملزم نے عمارت کا گیٹ توڑا اور ساتھ لے گیا اور بعد میں فروخت کر دیا، ملزم نے گیٹ ہشت نگری میں کباڑی کی دکان پر9 ہزارروپے میں فروخت کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کی گئی تو اس نے اعتراف کیا اور اسی کی نشاندہی پر ریڈیو پاکستان کا مرکزی گیٹ برآمد کر لیا گیا۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد جہاں ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے کئے گئے وہیں خیبرپختون خوا اور پنجاب میں سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
پشاور میں مشتعل افراد کی جانب سے ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ کیا گیا اور توڑ پھوڑ کے بعدعمارت کو آگ لگادی گئی تھی ۔
واضح رہے کہ ریڈیو پاکستان پر حملے اور عمارت کو جلائے جانے کے بعد نشریات دو دن تک معطل رہنے کے بعد بحال کر دیا گیا تھا۔