اسلام آباد: (دنیا نیوز) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے یونان کشتی حادثے میں اب تک 5 مقدمات درج کر کے مختلف کارروائیوں میں 6 انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان کو کلر سیداں، جھنگ اور پشاور سے گرفتار کیا گیا، انسانی سمگلروں نے شہریوں کو بیرون ملک یورپ کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورے، گرفتار ملزمان میں تنویر احمد، محمد یوسف، جنید محمود، محمد اسلام، حیدر علی اور دران خان شامل ہیں۔
انسانی سمگلر پاکستان سے لیبیا اور لیبیا سے یونان بذریعہ کشتی بھجوانے میں ملوث تھے، ملزمان کی جانب سے بھجوائے گئے بیشتر متاثرین کشتی حادثے میں جاں حق ہوئے، ملزمان کے خلاف کارروائی متاثرین کے لواحقین کی نشاندہی پر کی گئی۔
یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے سکیورٹی فورسز کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کر رہی ہیں، ایف آئی اے چھاپہ مار ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کیلئے لواحقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔