کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) نے کوئٹہ اور خیبر میں کارروائیاں کرتے ہوئے 1565 کلو منشیات برآمد جبکہ دو ملزمان گرفتارکرلیے گئے ۔
اینٹی نارکوٹکس فورس حکام کے مطابق کوئٹہ کے علاقے یارو کے قریب کپاس کے کنٹینر سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کرلی گئی ، 1550 کلوگرام چرس کنٹینر میں موجود کپاس کی گانٹھوں میں چھپائی گئی تھی، دوران کارروائی چمن کے رہائشی دو ملزمان موقع پر گرفتار کرلیے گئے ۔
حکام کاکہنا ہے کہ ملزمان برآمدہ چرس افغانستان سے براستہ چمن کراچی سمگل کر رہے تھے۔
اے این ایف حکام کے مطابق ایک اور کارروائی خیبر کے علاقہ جروبی زخا خیل میں کی گئی جہاں سمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 15 کلو چرس برآمد کرلی گئی ۔
اے این ایف حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔