اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں ، غیر ملکی باشندے سمیت 10 ملزمان گرفتار

Published On 30 July,2023 10:44 am

کراچی: (دنیانیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں 12کارروائیوں کے دوران 371 کلو سے زائد منشیات برآمدجبکہ 3 خواتین اور غیر ملکی باشندے سمیت 10 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کا منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آبادسے چارسدہ کی خاتون سے ایک کلو چرس جبکہ پمز ہسپتال سے بونیر کے رہائشی ملزم سے 1 کلو 800 گرام چرس برآمد کرلی گئی ۔

اے این ایف حکام کے مطابق اسلام آباد میں کار سوار کے قبضے سے 80 نشہ آور گولیاں برآمد جبکہ راولپنڈی میں واقع برٹش ہومز میں موٹر سائیکل سوار غیر ملکی باشندے سے 115 گرام کوکین برآمد کرلی گئی ۔

اے این ایف نے پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے کوہاٹ انڈس ہائی وے پر آئل ٹینکر سے 288 کلو چرس برآمد کی گئی ، برآمدشدہ چرس ٹینکر میں بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی ، کراچی کا رہائشی ملزم چرس پشاور سے کراچی سمگل کر رہا تھا۔

اے این ایف کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے این ایف کی بڑی کارروائی ، براستہ پاکستان، پرتگال سے پیراگوئے بھیجے جانیوالے پارسل سے 4 کلو 136 گرام چرس برآمد کرلی ، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوسری کارروائی میں مسافر سے ایک کلو 100 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی ۔

اے این ایف حکام کے مطابق کوئٹہ، لکپاس کے قریب ٹیکسی میں سوار چمن کی رہائشی دو خواتین اور ایک مرد کو گرفتار کر لیا گیا ، دوران تلاشی خواتین سے چھپائی گئی 21 کلو 600 گرام چرس جبکہ کوٹ غلام آباد بائی پاس اوکاڑہ کے قریب مقامی رہائشی ملزم سے 1 کلو 200 گرام چرس برآمد کرلی گئی ۔

اے این ایف حکام کے مطابق تمام ملزمان کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے ۔