کراچی : ڈاکوؤں نے عمرے سےواپس آنیوالے شہریوں کوبھی لوٹ لیا

Published On 18 August,2023 09:59 am

کراچی : (دنیانیوز) ڈاکوؤں نے عمرے کی سعادت حاصل کرکے وطن واپس آنے والوں کو بھی نہیں بخشا ، واردات کی سی سی ٹی وی دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔

کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 3 میں ڈاکوؤں نے عمرے سے واپس آنیوالے شہری ارشد حسین کو گھر کے باہر لوٹ لیا گیا ، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے ہائی روف میں سوار فیملی گھر کے نیچے رکی ہے ، اسی دوران وائٹ کرولا کار ان کے پاس آکر رکتی ہے ، کار سے پولیس وردی میں ملبوس تین ملزمان اترے اور شہریوں کاپاسپورٹ چیک کرتےہیں اور تلاشی کےبہانےملزمان متاثرہ فیملی سےملکی وغیرملکی کرنسی لوٹ کرفرارہوجاتے ہیں ۔

واقعے کا مقدمہ تھانہ سپرمارکیٹ میں متاثرہ شہری کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے ،  لوٹی گئی رقم میں 2200 ریال، 10 درہم، 5 آسٹریلین ڈالر اور پانچ ہزار روپے پاکستانی کرنسی شامل ہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ، شبہ ہے کہ ملزمان نے ایئرپورٹ سے ان کا پیچھا کیا ہوگا،  جائے وقوعہ کی اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کو شناخت کرنے کا عمل جاری ہے۔