اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 6 ملزمان گرفتار

Published On 22 August,2023 10:27 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات سمگلنگ کے خلاف ملک بھر 8 مختلف کارروائیوں میں 82 کلو منشیات برآمد اور خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ سے 810 گرام آئس برآمد کی گئی، پرواز نمبر کیو آر 633 کے ذریعے قطر جانے والے بہاولپور کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گاڑی کے فیول ٹینک سے 13 کلو 200 گرام چرس برآمد ہوئی، کارروائی کے دوران نوشہرہ کا رہائشی ملزم گرفتار ہوا، موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ہی 2 مسافر وینز میں سوار خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان سے مجموعی طور پر 4 کلو 800 گرام افیون برآمد ہوئی۔

کراچی میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے 1 کلو 600 گرام ہیروئن اور 650 گرام آئس برآمد کی گئی، منشیات آٹو پارٹس پر مشتمل پارسل میں چھپا کر بحرین سمگل کی جا رہی تھی۔

ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ سے 1 کلو 170 گرام آئس برآمد ہوئی جس پر پرواز نمبر کیو آر 617 کے ذریعے قطر جانے والے شیخوپورہ کے رہائشی ملزم کو حراست میں لیا گیا۔

چاغی کے غیر آباد علاقوں میں اے این ایف نے دو مختلف کارروائیوں میں سمگلنگ کیلئے چھپائی گئی 60 کلو گرام افیون برآمد کر لی، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔