لاہور: (دنیانیوز) ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے یونان جانے والے 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا ۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر فوری کارروائی کرتے ہوئے محمد دلدار نامی ایجنٹ کو بھی ایئرپورٹ کی حدود سے گرفتار کر لیا گیا ، ملزمان فلائٹ نمبر EY242 سے یونان جا رہے تھے۔
ملزمان میں محمد زبیر، وحید اختر اور اسد دانیال شامل ہیں ، ملزمان کی جانب سے پیش کیا جانے والا یونان کا ویزا جعلی نکلا جبکہ پاسپورٹس پر ایتھنز روانگی اور پاکستان آمد کی جعلی سٹیمپس لگی ہوئی تھیں۔
علاوہ ازیں مسافروں کی آمد و روانگی کے حوالے سے سسٹم میں کوئی سفری ریکارڈ موجود نہ تھا۔
ایف آئی اے حکام کاکہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے فی کس 25 لاکھ روپے کے عوض ایجنٹوں سے کارڈ اور جعلی سٹیمپس لگوائیں ، ایجنٹ محمد دلدار کا تعلق سیالکوٹ سے ہے اور اس کے موبائل سے متعدد پیغامات اور جعلی سفری دستاویزات برآمد کر لی گئی ہیں ۔
حکام نے مزید بتایا کہ ملزمان کو قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے ۔