لاہور: (دنیا نیوز) سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر پر تھانہ باغبانپورہ میں بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کا ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ باغبانپورہ داروغہ والا تھانے میں نجی ہوٹل کے مالک احمد علی نے درج کروایا، مقدمہ 365 اے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ عابد باکسر کے چار سے پانچ ساتھیوں نے ہوٹل آ کر دو کروڑ مانگے، مسلح افراد نے اپنے موبائل فون سے عابد باکسر سے بات کروائی، بات کرنے پر دو کروڑ روپے مانگے اور نہ دینے پر قتل کی دھمکی دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:عابد باکسر کیخلاف دہشت گردی سمیت 11 سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ چار پانچ روز بعد دوبارہ بھتہ مانگا گیا اور نہ دینے پر اغواء کر لیا اور میرے گھر والوں سے 10 لاکھ روپے وصول کئے اور باقی دینے کی شرط پر رہا کیا گیا۔
ہوٹل مالک احمد علی کی درخواست پر عابد باکسر سمیت پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔