کراچی: (دنیانیوز) اے این ایف نے اہم کارروائی میں بین الاقوامی سطح پر منشیات سمگلنگ میں ملوث گروہ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات کی انٹرنیشنل سمگلنگ میں ملوث گروہ کے ارکان معاشی مشکلات سے دوچار افراد کو منشیات بیرون ملک سمگل کرنے کیلئے استعمال کرتے تھے، گروہ ان افراد سے خلیج تعاون کونسل کے ممالک کو منشیات کی سمگلنگ کرواتا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ جون 2021 سے اگست 2023 تک اے این ایف نے ہوائی اڈوں پر 18 آپریشن کیے، کارروائیوں کے نتیجے میں گینگ سے منسلک 19 سمگلرز کو گرفتار کیا گیا جبکہ 18 نومبر 2023 کو گروہ کے 2 اہم ارکان عبدالقیوم خان اور حسین خان کو منشیات سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان نے منشیات کی سمگلنگ میں براہ راست ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ، 19 نومبر 2023 کو، گینگ کے تیسرے رکن قاری عنایت کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ مذکورہ کارروائیاں معاشی مسائل سے دوچار افراد کے ممکنہ استحصال کی روک تھام کی جانب ایک اہم قدم ہے، منشیات سمگلنگ کے بین الاقوامی گروہ کی سرغنہ سمیت گرفتاری،اے این ایف کے منشیات سے پاک مستقبل کے عزم کا اظہار ہے۔