گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) سنگدل خالہ نے اپنے بھانجے اور بھانجیوں کو اغوا کر کے نہر میں پھینک دیا۔
افسوسناک واقعہ گوجرانوالہ میں تھانہ باغبانپورہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں بہن سے جھگڑا کرنے کے بعد خالہ نے اپنے ہی بھانجے اور بھانجیوں کو اغوا کیا اور مارنے کی غرض سے نہر میں پھینک دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق پانچ سالہ سحر، تین سالہ اسوہ، اڑھائی سالہ بسمہ اور ڈیڑھ سالہ فرحان والدہ کے ہمراہ ننھیال آئے ہوئے تھے، ملزمہ نازیہ بچوں کو گھر سے چیز دلوانے کے بہا نے باہر لے گئی۔
بچوں کے والد کی مدعیت میں پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کر کے ملزمہ کو حراست میں لے لیا، ملزمہ نے دوران حراست دو بچوں کو نہر میں پھینکنے کا اعتراف کر لیا، دو بچوں سحر اور اسوہ کو برآمد کروا کر والدین کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمہ کی نشاندہی پر اپر چناب نہر سے بسمہ کی لاش برآمد کرلی گئی فرحان کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، دوبچیوں نے ملزمہ کے چنگل سے بھاگ کر جان بچائی ۔