کراچی: (دنیا نیوز) کراچی، سکھر اور حیدر آباد میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں سمیت 4 ملزموں کو گرفتار کر لیا، 3 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے 2 شہریوں کو گولیاں مار دیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جمشید کوارٹر لسبیلہ چوک کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے 2 نوجوانوں کو لوٹنے کے دوران مزاحمت کرنے پر گولیاں مار دیں جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گئے، متاثرین کی شناخت زنیر اور عاطف کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، ملزم کی شناخت حسنین کے نام سے ہوئی جو سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھا، پولیس نے تھانے منتقل کر دیا۔
کراچی میں ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کاٹی کے صدر کو فراڈ اور دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کر لیا، ملزم جوہر علی قندھاری نے تین کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کے چیک کلیم نامی تاجر کو دیئے تھے، پولیس نے ملزم کیخلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی۔
ادھر سکھر کے علاقے تھانہ پٹنی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا جبکہ 3 ساتھی فرار ہو گئے، گرفتار ملزم مختلف وارداتوں میں مطلوب تھا، ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
علاوہ ازیں حیدر آباد میں بھی پولیس نے کارروائی کر کے مبینہ ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ملزم کی نشاندہی پر لوٹا ہوا سامان بھی برآمد کر لیا گیا، گرفتار ڈاکو کیخلاف 18 سے زائد مقدمات درج ہیں، پولیس نے تھانے منتقل کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔