کراچی: جھگڑے کے دوران فائرنگ سے راہگیر بچہ جاں بحق، ملزم بھی مقابلے میں ہلاک

Published On 22 March,2024 02:40 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں جھگڑے کے دوران گولیاں چل گئیں جس کی زد میں آ کر 8 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا، فائرنگ میں ملوث ملزم مبینہ مقابلے میں مارا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں معمولی بات پر شروع ہونے والا جھگڑا مسلح تصادم میں بدل گیا، اس دوران ایک گروپ کی جانب سے فائرنگ کر دی گئی جس کے میں آ کر 8 سالہ راہگیر بچہ اور ایک نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔

فائرنگ کے بعد دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن 8 سالہ نثار زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور فائرنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا بچہ راہگیر تھا جو فائرنگ کی زد میں آگیا، فائرنگ کا واقعہ ذاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا، مقابلے کے بعد بچے کو قتل کرنے والے ملزم کو ہلاک کر دیا، ملزم کی شناخت نصراللہ کے نام سے ہوئی ہے۔