لاہور: (دنیا نیوز) کسٹمز ملازمین کا سمگروں کے ساتھ مل کر ایرانی پٹرول و ڈیزل کی سمگلنگ کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ میں ملوث بڑے نیٹ ورک کو پکڑ لیا۔
ایف آئی اے ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی فیصل آباد نے پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ میں ملوث ملزم عبدالوارث کو گرفتار کیا۔
ملزم کے قبضے سے لی گئی گاڑی میں 10 ہزار لٹر سمگل شدہ ایرانی ڈیزل موجود تھا، ملزم نے 14 سال سے کسٹمز حکام کی ملی بھگت سے سمگلنگ کا اعتراف کیا۔
حکام نے بتایا ہے کہ ملزم کے موبائل فون سے متعدد کسٹمز افسران کے نام اور نمبرز کی شناخت ہوئی، ملزم کے کسٹمز کے سپرنٹنڈنٹ تنویر وقاص گورائیہ، محمود ڈوگر، رمضان شاہد، انجم سلیم، خالد گجر سمیت دیگر اہلکاروں سے رابطوں کا انکشاف بھی ہوا ہے، نیٹ ورک کو چلانے میں کسٹمز کے سپاہی لیاقت وصلی کا اہم کردار ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق لیاقت وصلی سمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات کے 14 گوداموں سے فی کس اڑھائی لاکھ روپے وصول کرتا تھا، ایف آئی اے نے لیاقت وصلی کو بھی گرفتار کر لیا ہے، تحقیقات میں مزید افسران کے نام بھی سامنے آ سکتے ہیں۔