کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان جاں بحق، سکھر اور کندھ کوٹ میں 4 ملزم گرفتار

Published On 25 March,2024 06:20 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں پولیس جرائم پیشہ افراد کو روکنے میں بری طرح ناکام ہو گئی، ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کے علاقے سیکٹر فائیو میں مسلح ڈاکو دکان میں داخل ہوئے اور لوٹ مار شروع کر دی، اس دوران مزاحمت کرنے پر ملزموں نے نوجوان پر گولیاں چلا دیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم تور گیا، فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں نے مزاحمت کرنے پر نوجوان پر گولیاں چلائیں، جائے وقوعہ سے 4 نائن ایم ایم کے خول ملے، ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے، دوسری جانب ڈاکوؤں کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کیخلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا اور دھرنا دیکر ٹریفک بلاک کر دی۔

یاد رہے کہ کراچی میں رواں سال ابتدائی 3 ماہ میں مختلف جرائم کے دوران 45 سے زائد شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، شہر قائد میں اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے واقعات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

دوسری جانب سکھر کے علاقہ تھانہ پنو عاقل میں پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ 2 فرار ہو گئے ہیں، گرفتار ہونے والے ملزم سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

ادھر کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کر کے 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، اس کے علاوہ کوکاری، نندوانی، بنگلانی اور چولیانی گینگ کی 15 سے زائد پناہ گاہوں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔
 

Advertisement