سرگودھا، پتوکی: (دنیا نیوز ) پنجاب میں پتنگ بازی نہ رک سکی، خونی کھیل مزید دو معصوم بچوں کی جان لے گیا۔
جھال چکیاں کے علاقے تقی پارک میں ماں باپ کا اکلوتا کمسن بچہ پتنگ لوٹتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا جبکہ پتوکی کے نواحی گاؤں جاگووالہ میں 8 سالہ بچہ علی رضا پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گرکر جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جھال چکیاں میں بچہ لوہے کا پائپ اٹھا کر کٹی ہوئی پتنگ لوٹ رہا تھا کہ پائپ ہائی وولٹیج تاروں سے ٹکرا گیا، پائپ ٹکراتے ہی بچے کو زوردار کرنٹ لگا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واضح رہے گزشتہ روز فیصل آباد میں ڈور پھرنے سے 22 سالہ آصف جاں بحق ہوگیا تھا، آصف کی عید سے 4 روز بعد شادی تھی۔