ڈرگ فری پنجاب مشن: پولیس ٹیموں کے چھاپے، 261 ملزم گرفتار

Published On 25 March,2024 08:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب کے زیر نگرانی ڈرگ فری پنجاب کا مشن تکمیل کی جانب گامزن، منشیات کے خاتمے کیلئے لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس کا نان سٹاپ کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ روز صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر پولیس ٹیموں نے527 چھاپے مارے، نشہ کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف 259 مقدمات درج، 261 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

منشیات فروشوں کے قبضے سے 140 کلو گرام چرس، ڈیڑھ کلو آئس، 22 کلو افیون اور 3974 لٹر شراب برآمد کر لی گئی۔

ترجمان کے مطابق پنجاب پولیس نے گزشتہ 4 ہفتوں کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 6691 چھاپے مارے، منشیات کے کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف 3421 مقدمات درج ، 3804 ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔

ملزموں کے قبضے سے 2807 کلو گرام چرس، 14 کلو آئس، 55 کلو ہیروئن، 149 کلو گرام افیون اور 38205 لٹر شراب برآمد ہوئی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو نشہ کی لت سے محفوظ رکھنے کیلئے ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گرد و نواح میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جائیں۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ماڈرن نشہ آور فلیورڈ منشیات کی تیاری، سپلائی میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔