شکارپور: (دنیا نیوز) کراچی کے بعد کچے کے ڈاکوؤں کو بھی سندھ پولیس لگام ڈالنے میں ناکام ہو گئی، شکارپور سے 7 سالہ بچے کو اغواء کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شکار پور کے علاقے تھانہ الف شاہ شہید کی حدود سے 2 روز قبل 7 سالہ بچہ لاپتہ ہو گیا تھا جس کے اغواء کی گزشتہ روز تصدیق ہو گئی ہے، ڈاکوؤں کی جانب سے فون کرکے ورثاء سے 50 لاکھ تاوان طلب کیا گیا، تاوان نہ دینے پر بچے کو مارنے کی دھمکی دی ہے۔
دوسری جانب ورثاء کا کہنا ہے کہ ہم لوگ غریب ہیں تاوان کی ادائیگی کے پیسے نہیں ہیں، وزیر اعلیٰ اور آئی جی سندھ مغوی بچے کی بازیابی کیلئے اقدام اٹھائیں، بچے کے اغوا کیخلاف شہریوں اور جئے سندھ محاذ کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک پر احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا۔
مظاہرین نے موقف اپنایا کہ شہر بھر میں ڈاکوؤں کا راج ہے اور قانون کہیں نظر نہیں آ رہا، پہلے تو ڈاکو بڑوں کو اغواء کرتے تھے اب بچے بھی غیر محفوظ ہیں، اعلیٰ حکام شہر میں جاری بدامنی کا فوری نوٹس لیں، پولیس نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں بچے کو جلد بازیاب کروایا جائے۔