کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں راہگیر خاتون جاں بحق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قطر ہسپتال کے قریب 2 مسلح ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی کے دوران خاتون گولیوں کی زد میں آ گئی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران خاتون ڈاکوؤں کی گولیاں لگنے سے جاں بحق ہو گئی، مرنے والی خاتون کی شناخت نادیہ کی نام سے ہوئی جو قطر ہسپتال میں اپنی بیمار بہن کی عیادت کیلئے پہنچی تھی، فائرنگ کے بعد ملزم بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
دوسری جانب اورنگی ٹاؤن قطر ہسپتال کے قریب پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان فائرنگ کر رہے ہیں، ملزمان کے تعاقب میں 2 موٹر سائیکلوں پر 4 پولیس اہلکار بھی نظر آ رہے ہیں۔
گزشتہ روز سرجانی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے نوجوان کو سپرد خاک کر دیا گیا، 32 سالہ زوہیب کے اہلخانہ شدت غم سے نڈھال دکھائی دیئے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا، شہر میں رواں سال مختلف جرائم کے دوران اموات کی تعداد 48 ہو گئی۔