شہر قائد میں ڈاکو راج برقرار، ایک گھنٹے میں مزید 2 افراد کو قتل کردیا گیا

Published On 03 April,2024 09:25 pm

کراچی: (دنیا نیوز)نارتھ کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے، تین افراد زخمی بھی ہوئے ۔

کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہریوں کے قتل ہونے کا سلسلہ تھم نہ سکا، تازہ وارداتوں کا مرکز بنا نارتھ کراچی جہاں مختلف مقامات پر ایک گھنٹے کے دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق نیوکراچی پاور ہاؤس کے قریب کاٹھیاواڑ محلے میں مسلح ملزمان یاسین نامی شہری سے لوٹ مار کررہے تھے اور مزاحمت پر اس کی ٹانگ میں گولی مار کر بھاگنے لگے، آس پاس موجود لوگوں نے پیچھا کیا تو ڈاکوؤں نے ان پر بھی فائرنگ کی جس سے عامر نامی نوجوان جاں بحق جبکہ شاہد مسیح زخمی ہوا ۔

دوسری واردات میں نارتھ کراچی آباد انڈا موڑ کے قریب ڈاکو پھل فروش کو لوٹنے آئے تو پھل خریدنے میں مصروف 70 سالہ حامد علی نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر ڈاکوؤں حامد علی کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔