لاہور: (ویب ڈیسک )غازی آباد میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو تشدد اور گلا دبا کر قتل کردیا۔
شہر بانو کی ایک سال قبل غازی آباد کے رہائشی آصف نامی شخص سے شادی ہوئی تھی، عید کے دوسرے روز والدین کو ملنے آنا تھا لیکن سسرال سے اس کی موت کی خبر آگئی۔
متوفیہ شہر بانو کے والد کا کہنا ہے کہ سسرالی میری بچی کو ذہنی اذیتیں دیتے اور جسمانی تشدد کا نشانہ بناتے تھے، شادی کے بعد ایک بچے کی پیدائش ہوئی جو چند ہی روز میں وفات پا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سسرال سے فون آیا شہربانو کی طبیعت خراب ہے جب وہ ہسپتال پہنچے تو وہ مر چکی تھی، ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچی ہسپتال لانے سے دو گھنٹے قبل ہی وفات پا چکی تھی۔
متوفیہ کے والد کا مزید کہنا تھا کہ شہربانو کی گردن پر پھندے کے نشانات موجود ہیں، پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی۔