حافظ آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں نے مبینہ طور پر دیگر اسیران سے نہ ملنے دینے پر ہنگامہ برپا کر دیا۔
جیل ذرائع کے مطابق قیدیوں نے مشتعل ہو کر سرکاری کمبلوں کو آگ لگا دی، جیل کے عملہ نے قیدیوں کو ہنگامے سے روکنے کی کوشش کی تو قیدیوں نے سیلز کے جنگلوں کو ٹکریں مارنا شروع کر دیں، ٹکریں مارنے سے 3 قیدی زخمی ہوگئے۔
اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل قاسم علی کی مدعیت میں ہنگامہ کرنے والے قیدیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ تھانہ صدر میں درج کیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق قیدیوں نے جیل وارڈر کی یونیفارم بھی پھاڑ دی اور اس کا گلہ بھی گھونٹا۔
ایف آئی آر کے مطابق ایک قیدی نعمت اللہ نے اپنے بازوؤں پر سیفٹی ریزر کے وار کر کے خود کو لہولہان بھی کر لیا۔
جیل کے عملے نے ہنگامے پر قابو پا کر ہنگامہ کرنے والے قیدیوں کو الگ الگ بیرکوں میں منتقل کر دیا، حافظ آباد پولیس کے مطابق ملزموں میں ایک مقدمہ قتل کا قیدی بھی شامل ہے۔