شکارپور: 2 مغوی اہلکار بازیاب، اغواء میں ملوث پیٹی بھائی گرفتار

Published On 22 May,2024 03:35 am

شکارپور: (دنیا نیوز) شکارپور میں پولیس نے کارروائی کر کے گزشتہ روز اغواء ہونے والے 2 اہلکاروں کو بازیاب کروا لیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے خفیہ معلومات پر کارروائی شکارپور کے علاقے کوٹ شاہو میں کی گئی، اس دوران ملزموں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی کے دوران دونوں مغوی اہلکاروں کو بازیاب کروا لیا۔

پولیس نے موقع سے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا جس کا تعلق پولیس ڈیپارٹمنٹ سے ہی بتایا جا رہا ہے، گرفتار ہونے والے اہلکار نے اپنے ہی ساتھیوں کو اغواء کروانے میں سہولت کاری کی۔

ایس ایس پی شکار پور نے بتایا کہ مغوی اہلکاروں صدیق ملک اور امداد سومرو کو گزشتہ روز اغوا کیا گیا تھا، اہلکاروں کے اغوا میں اپنا ہی پولیس اہلکارعرفان جتوئی ملوث نکلا جسے حراست میں لے لیا گیا۔