کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی اور حیدر آباد میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور 3 شدید زخمی ہو گئے جبکہ ایک ڈاکو کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق حیدر آباد کے علاقے مٹیاری کے تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران سوئے ہوئے کسانوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک موقع پر دم توڑ گیا جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، فائرنگ کے بعد ڈاکو فرار ہو گئے جن کی پولیس نے تلاش شروع کر دی۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے شہری کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا، متاثرہ شخص کی شناخت نوید کے نام سے ہوئی۔
ادھر کراچی کے علاقے گڈاپ سٹی پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد مبینہ ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھا، پولیس نے تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا۔