بہاولنگر: (دنیا نیوز) بہاولنگر میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے ایک شہری کو زخمی کر دیا، پھولنگر میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ 3 ساتھی فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کے علاقے مبارک آباد روڈ کے قریب ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے کہ اس دوران شہری نے مزاحمت کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے ایک راہ گیر شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا، ڈاکو شہریوں سے ایک لاکھ روپے نقدی اور دو موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔
دوسری جانب پھولنگر کے علاقے تھانہ صدر کی حدود میں 4 ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے ملزموں کا تعاقب کیا، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 3 ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، زخمی ڈاکو کی شناخت مبشر عرف مبشری کے نام سے ہوئی جو راہزنی کی 15 سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث تھا، فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو ٹریس کر لیا گیا اور ان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔