کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 4 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا، گرفتار ملزموں میں محمد عبداللہ، عامر اقبال، ابو سفیان اور گلفام احمد شامل ہیں۔
ملزم محمد عبداللہ، عامر اقبال اور ابوسفیان وزٹ ویزے پر ترکی جا رہے تھے، ملزموں کے پاسپورٹ پر ترکی کے جعلی ویزے لگے ہوئے تھے، ملزموں کا تعلق سرگودھا، بمبر اور منڈی بہاؤالدین سے ہے۔
ملزم گلفام احمد براستہ سپین اندورا یورپ جا رہا تھا، ملزم کے پاسپورٹ پر اندورا کا جعلی ورک ویزا لگا ہوا تھا، ملزم کی جانب سے پیش کیا جانے والا سپین کا ٹرانزٹ ویزا بھی جعلی نکلا، ملزم کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔
گرفتار ملزموں کو بعدازاں مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔