لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پاکستان کے پہلے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔
اعداد و شمار کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر سے خواتین کی اب تک 12 ہزار 860 شکایات موصول ہوئیں، خواتین کی شکایت پر 1 ہزار 129 کیسز میں ایف آئی آرز درج کروائی گئیں، کُل کیسز میں سے 8 ہزار 544 کیسز کو فریقین کے مابین صلح یا دیگر وجوہات کی بنا پر ختم کر دیا گیا، 2 ہزار 666 کیسز میں تفتیش کا عمل جاری،521 کیسز کو جلد مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔
ترجمان سیف سٹیز کا کہنا ہے خواتین اپنے مسائل کے حل کیلئے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے روزانہ کی بنیاد پر رہنمائی لینے میں مصروف ہیں، ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں خواتین نے ہراسگی، گھریلو تشدد، لڑائی جھگڑا، گھریلو ناچاقی سمیت دیگر مسائل کی شکایت درج کروائیں، خواتین کو ایف آئی آر کے اندراج سے انویسٹی گیشن اور ٹرائل کے تمام مراحل میں رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان سیف سٹیز کا مزید کہنا تھا خواتین کسی بھی وقت 15 پر کال، ویمن سیفٹی ایپ لائیو چیٹ فیچر، ویڈیو کال فیچر کے ذریعے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے رابطہ کر سکتی ہیں، خواتین نام اور پتہ ظاہر کئے بغیر مکمل رازداری اور اعتماد کے ساتھ اپنا مسئلہ بیان کر کے مدد دریافت کر سکتی ہیں۔