رحیم یارخان : (ویب ڈیسک ) رحیم یارخان کے علاقے خان بیلہ میں ڈاکوؤں کی پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق 5 سے زائد ڈاکو ٹینٹ کی دکان پر واردات کرنے آئے، پولیس کے پہنچنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں پر فائرنگ کرکے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش میں علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا واقعے میں ملوث ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا حکم
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رحیم یار خان کے علاقے شیدانی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے دو اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران شہادت کا رتبہ پانے والے اہلکار پنجاب پولیس کا فخر ہیں۔
مریم نواز نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کانسٹیبل شفیق احمد اور کانسٹیبل ذیشان خرم کے اہلخانہ سے ہمدردی وتعزیت کا اظہار کیا ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمی اہلکار محمد اسحاق کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی جبکہ آئی جی پنجاب کو فائرنگ میں ملوث ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کیا۔