سرگودھا: اتائی نے غلط انجکشن لگا کر نوجوان کی جان لے لی

Published On 22 June,2024 03:39 am

سرگودھا: (دنیا نیوز) سرگودھا میں اتائی نے غلط انجکشن لگا کر نوجوان کی جان لے لی، واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے علاقے 41 شمالی خچر پور کا رہائشی 26 سالہ ربنواز دھریمہ اپنے سسرال عید ملنے گیا، وہاں سر درد اور بخار کے باعث اتائی ڈاکٹر عارف کے کلینک سے چیک کروایا، اتائی ڈاکٹر نے ربنواز کو غلط انجکشن اور ڈریپ لگائی جس سے اس کی حالت بگڑ گئی، تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستہ میں ہی دم توڑ گیا۔

ورثاء نے ڈی ایچ کیو ایمرجنسی کے باہر شدید احتجاج کیا اور اتائی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا، تھانہ جھال چکیاں پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی، مقتول کے بھائی رمضان کی مدعیت میں اتائی کیخلاف کارروائی کیلئے تھانہ جھال چکیاں میں درخواست دے دی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عرفان احمد نے اتائی کا کلینک سیل کر دیا۔

اتائی عارف کے بھائی مزمل کو غیر قانونی پریکٹس کرتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کے خلاف تھانہ جھال چکیاں میں محکمہ ہیلتھ کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا، کلینک کو ڈاکٹر فرقان نامی شخص کی ایما پر چلایا جا رہا تھا جو موقع پر موجود نہ تھا۔