ٹیم کی کارکردگی پر فخر، ستھرا پنجاب کا خواب حقیقت میں بدل رہا ہے: مریم نواز

Published On 20 June,2024 09:30 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ اپنی ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے، ستھرا پنجاب کا خواب حقیقت میں بدل رہا ہے۔

مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے بہترین انتظامات پرعوامی نمائندوں، انتظامیہ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں، بلدیاتی اداروں اور پولیس کو شاباش پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ پر مسلسل 72 گھنٹے جاری زیرو ویسٹ مشن کی کامیابی اشتراک کار کی بہترین مثال ہے، شہروں، قصبات اور بڑے دیہات میں صفائی کے عمل کو بہترین طریقہ سے سر انجام دیا گیا، آلائشیں ٹھکانے لگا کر فینائل اور عرق گلاب ملے پانی سے سڑکیں دھونے کا عمل نئی جدت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عید گاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں میں سکیورٹی انتظامات تسلی بخش رہے، مویشی منڈیوں کے اچھے انتظامات سے خریدار اور بیوپاریوں کے لئے آسانی ہوئی، صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور ان کی ٹیم نے قابل تحسین کارکردگی کا مظاہر ہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کمشنر، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر ویسٹ مینجمنٹ انتظامیہ نے بھی اپنے فرائض بخوبی نبھائے، مجھے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے، ستھرا پنجاب کا خواب حقیقت میں بدل رہا ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ماضی قریب کے برعکس لاہور صاف ستھرا اور چمکتا دمکتا نظر آیا، صفائی ستھرائی کے لئے شہریوں کا حکومتی اداروں سے تعاون قابل تعریف ہے، افسر اور عملہ عوام کی توقعات پر پورا اترے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ گرمی کے باوجود زیرو ویسٹ مشن تندہی سے مکمل کیا گیا، اسی جذبے اور لگن کے ساتھ شہروں کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کاعمل جاری رکھنا ہے، پنجاب کے ہر شہر اور ہر گاؤں کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتی ہوں۔