لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ شفیق باپ سایہ دار شجر کی مانند ہے، جس کا کوئی نعم البدل نہیں، ہر والد کی خاموش قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہئے جو اکثر نظر انداز کر دی جاتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا والد سے محبت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آج اپنے بچوں کی پرورش اور رہنمائی میں والد کے انمول کردار کو تسلیم کرنے کا دن ہے، بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے باپ کی قربانیوں کو بھی تسلیم کیجئے، والد شجر سایہ دار ہے جو تپتی دھوپ میں بچوں کیلئے گھنا سایہ بن جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اولاد کی تربیت اور بہتر پرورش میں والد کے شفیق کردار کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے، شفیق باپ سایہ دار شجر کی مانند ہے، جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔
مریم نواز نے اپنے والد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ہر کامیابی والد گرامی میاں نواز شریف کے نام کرتی ہوں جو ہر مشکل میں میرا حوصلہ ہیں، خوش قسمت ہوں جو نواز شریف جیسے والد گرامی ملے، ان کی بیٹی ہونے پر ناز ہے، ہر روز والد محترم سے دعائیں لے کر نکلتی ہوں اور واپس آ کر سب سے پہلے انہیں سلام کرتی ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے نوجوان نسل کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی عزت وتکریم کرنے والے، اف تک نہ کہنے والے دنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں،عزیز تر مجھے رکھتا ہے وہ رگ جاں سے۔۔۔ یہ بات سچ ہے مرا باپ کم نہیں ماں سے۔