پاکستان اور سپین کے تجارتی حجم میں اضافہ خوش آئند ہے: مریم نواز

Published On 18 June,2024 11:24 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سپین کے تجارتی حجم میں اضافے کا رجحان خوش آئند ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپین کے سفیر ہوزے انتونیو ڈی اوری (Josè Antonio de Ory) اور اعزازی قونصل برائے اسپین جلال صلاح الدین نے ملاقات کی، اس موقع پر پنجاب اور سپین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات کے دوران باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کی مشترکہ کاوشوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا، انفراسٹرکچر، قابل تجدید توانائی، لائیو سٹاک اور زراعت میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کاروبار کی ترقی کیلئے سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے پائیدار حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

ہسپانوی سفیر نے پنجاب میں مضبوط اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ سپین کی بزنس کمیونٹی کیلئے ٹیکسٹائل، فوڈ پراسیسنگ، زراعت اور لائیو سٹاک میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کیلئے بہترین ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سپین کے تجارتی حجم میں اضافے کا رجحان خوش آئند ہے، پنجاب حکومت سپین کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی حجم میں مزید اضافے کی خواہشمند ہے۔

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور دیگرحکام بھی موجود تھے۔