کراچی: (دنیا نیوز) گولڈ میڈلسٹ انجینئر اتقا معین کے قتل کا مرکزی ملزم عدالت میں پیشی کے دوران فرار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق رواں ماہ قتل ہونے والے گولڈ میڈلسٹ انجینئر اتقا معین کے قاتل کو جیل سے پیشی کیلئے عدالت لایا جا رہا تھا کہ وہ پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا، ملزم ظاہر کو ایس آئی یو پولیس نے بلوچستان سے گرفتار کیا تھا، ملزم ظاہر کا تعلق خضداری گروپ سے ہے۔
واضح رہے کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک سیون میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے مکینیکل انجینئر اتقا کو چلتی موٹر سائیکل سے روکا اور لوٹ مار کے بعد گولی مار دی تھی، ڈکیت فرار ہوتے ہوئے موٹر سائیکل بھی لے گئے۔
مقتول گولڈ میڈلسٹ تھا اور اس کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا تھا کہ ایک ملزم سے اتقا کافی دیر سے مزاحمت کر رہا تھا، موٹر سائیکل پر بیٹھے ملزم نے گولی چلائی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا تھا۔