راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں مبینہ مقابلے کے دوران ڈاکو ہلاک، پھولنگر میں پولیس نے کارروائی کر کے 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ قصور میں ڈاکوؤں نے بارات لوٹ لی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکار زیر حراست ڈاکو کو ریکوری کیلئے لے جا رہے تھے کہ راولپنڈی کے علاقے تھانہ ویسٹریج کی حدود میں ملزم کو چھڑانے کیلئے اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں ملزم اپنے ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے دم توڑ گیا۔
پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی، مرنے والے ڈاکو کی شناخت شجاعت کے نام سے ہوئی جو سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔
دوسری جانب پولیس نے پھولنگر میں کارروائی کر کے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے 3 باشندوں کو حراست میں لے لیا ہے، گرفتار ملزموں سے لوٹی گئی نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کر لی، تینوں کو تھانے منتقل کر مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
ادھر قصور کے علاقے تھانہ الٰہ آباد کی حدود میں مسلح ڈاکوؤں نے بارات کو سر راہ روک لیا اور اسلحے کے زور پر باراتیوں کو لاکھوں روپے کی نقدی اور زیورات سے محروم کر دیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور ملزموں کو تلاش شروع کر دی۔