ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) ننکانہ صاحب میں 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں گلی میں کھیلتا ہوا بچہ جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا، اوکاڑہ میں پٹواری اور مریدکے میں نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ننکانہ صاحب کے علاقے نواحی گاؤں چک نمبر 12 میں پیش آیا جہاں دو مخالف گروپوں میں لڑائی کے دوران اندھا دھند فائرنگ شروع ہو گئی، گلی میں کھیلتے ہوئے 2 بچے گولیوں کی زد میں آئے جن میں سے ایک دم توڑ گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا، جاں بحق ہونے والا دس سالہ بچہ چار بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب مریدکے میں 200 روپے کی خاطر مخالفین نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، ملزموں نے نوجوان کے سر، بازو اور ٹانگ پر گہری ضربیں لگائیں، شدید زخمی ہونے پر نوجوان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ادھر اوکاڑہ میں مقدمہ کی رنجش پر ملزموں نے پٹواری کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے متاثرہ شخص کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے تشدد میں ملوث ملزموں کو حراست میں لے لیا۔