قیدیوں کو پیشی پر روانگی سے قبل کھانے اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی کا آغاز

Published On 24 June,2024 11:30 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں قیدیوں کو عدالت پیشی پر روانگی سے قبل کھانے اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر جیل ریفارمز ایجنڈے پر عملدرآمد کے تحت جیلوں سے عدالتوں میں پیشی پر جانے والے اسیران کی مشکل آسان ہو گئی، تمام قیدیوں کو عدالت روانگی سے قبل لنچ باکسز اور ٹھنڈے پانی کی بوتلوں کی فراہمی شروع کردی گئی۔

حکام کے مطابق بخشی خانے میں قیام کے دوران اسیران اب دوپہر کا کھانا کھا سکتے ہیں، پنجاب کی 43 جیلوں میں روزانہ اوسطاً 7 ہزار قیدیوں کو عدالت جاتے ہوئے کھانا اور ٹھنڈا پانی دیا جا رہا ہے۔

پنجاب بھر کی جیلوں میں معیاری آٹے کی فراہمی کیلئے آٹا چکیوں کی تنصیب کی منظوری بھی دے دی گئی، جیلوں میں ٹریکٹر و دیگر زرعی آلات بھی فراہم کر دیئے گئے، زرعی آلات کی مدد سے جیلوں کی زمین کو قابلِ کاشت بنایا جارہا ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ قیدیوں کے کھانے کیلئے جیل میں ہی تازہ سبزیاں اور گندم اگائی جا رہی ہے، جیل ملازمین اور اسیران کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔