کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے، مبینہ مقابلوں کے دوران 4 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر ڈھائی کا رہائشی گھر کی دہلیز پر بیٹھا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی اس دوران مزاحمت کرنے پر ملزموں نے فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔
گولیاں لگنے سے نوجوان شدید ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ ایک روز تک زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا، مقتول کی شناخت ذیشان کے نام سے ہوئی اور وہ پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کرتا تھا۔
فائرنگ کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو شہریوں نے تعاقب کر کے پکڑ لیا اور دونوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا، یاد رہے کہ رواں سال ڈاکوؤں کے ہاتھوں ڈکیتی مزاحمت سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 79 ہو گئی۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی کی ضیا کالونی میں دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں، تنازعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو کنٹرول کر لیا۔
ادھر کراچی کے علاقے کٹی پہاڑی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، اس دوران دو ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا، ملزمان کی شناخت حسین اور آصف کے ناموں سے ہوئی، گرفتار ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے، پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی۔
ٹھٹھہ کے علاقے تھانہ گھارو کی حدود میں مجید لنک روڈ سم نالی بابڑا کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا ہو گیا، دونوں طرف سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم زخمی ہوا جسے حراست میں لے لیا گیا، گرفتار ملزم کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی، موٹرسائیکل چھیننے جیسے جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم کے قبضے سے پسٹل بھی برآمد ہوا، ملزم کا مکمل کریمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا اور کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب حیدر آباد کے علاقے رکشہ مارکیٹ کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، اس دوران ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا جبکہ ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار ملزم سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔