کراچی: (دنیانیوز) سندھ رینجرز اورپولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرصدر میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وارکا انتہائی مطلوب دہشتگرد عامر عرف موٹا گرفتارکرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق 9ستمبر 2023کو ملزم کوسٹ گارڈ کے سپاہی بلال کی شہادت میں ملوث تھا، ملزم اپنے ساتھی جنید بلوچ کے ساتھ کیپری سینما کے قریب لوٹ مارکررہا تھا، کوسٹ گارڈ کے سپاہی محمد بلال نے مزاحمت کی تواسے گولیاں ماردی، ملزم کا ساتھی جنید بلوچ پہلے ہی گرفتار ہوچکا ہے۔
ملزم لسانی بنیادوں پر قتل، پولیس مقابلوں، بھتہ خوری منشیات فروشی میں ملوث تھا، دوران ڈکیتی ملزم نے متعدد افراد کو ہلاک اور زخمی بھی کیا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ، ملزم 2011میں لیاری گینگ وار کمانڈرساجد گولیمار گروپ میں شامل ہوا، 2021میں لیاری گینگ وار کمانڈر جمیل چھانگا گروپ میں شامل ہوا ، ملزم ساتھیوں کے ہمراہ 20 سے زائد بے گناہ شہر یوں کے قتل میں ملوث ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق شہریوں کواغواکے بعد قتل کرکےلاشیں مختلف علاقوں پھینک دی جاتی تھی ، ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نےمزید اعتراف بھی کیے، ملزم نے مخالف گروپوں کے 12سے زائد افراد کو اغوا کے بعد قتل کیا، منشیات فروشی، بھتہ اوصولی،متعد د پولیس مقابلوں میں ملوث رہا ۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ ملزم کےخلاف پر یڈی،پاک کالونی کےعلاوہ کراچی کےمختلف تھانہ جات میں متعد دمقدمات درج ہیں ، گرفتارملزم کوبمعہ اسلحہ وایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔