ایف آئی اے پشاور زون کی رواں سال حوالہ ہنڈی کیخلاف کارروائیوں کی تفصیلات جاری

Published On 22 August,2024 12:56 pm

پشاور:(دنیا نیوز) ایف آئی اے پشاور زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف کارروائیوں کی تفصیل جاری کردی ۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق رواں سال ملوث عناصر کے خلاف 195 کارروائیاں کی گئیں، چھاپوں کے نتیجے میں ایف آئی اے پشاور زون نے 207 مقدمات درج کئے اور حوالہ ہنڈی میں ملوث 211 ملزمان کو گرفتار کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان بغیرلائسنس حوالہ ہنڈی اورغیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھے، حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزمان سے 9790 امریکی ڈالر برآمد کئے گئے جبکہ 11 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی۔

ایف آئی اے ترجمان کا مزید کہنا تھا برآمد کی گئی کرنسی میں 35 کروڑ 38 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے بھی شامل ہیں۔