لاہور: (دنیا نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 33 دہشتگرد گرفتار کر لئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں 475 آئی بی اوز آپریشن کئے گئے، کارروائیاں لاہور، گوجرانوالہ، میانوالی، بہاولپور، ننکانہ صاحب، حافظ آباد، رحیم یار خان، بھکر وغیرہ میں کی گئیں۔
حکام کے مطابق کہ کارروائیوں میں لاہور سے کالعدم تنظیم کا خطرناک دہشت گرد گرفتار کیا گیا، مختلف شہروں سے گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت خبیب احمد، سیف اللہ، ظہیر احمد، احمد، حافظ مطلوب، حمزہ جاوید وغیرہ کے نام سے ہوئی۔
گرفتار دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، دھماکہ خیز جیکٹ، 2 ہینڈ گرنیڈ، 26 ڈیٹونیٹر، حفاظتی فیوز وائر 73 فٹ، گولیاں، اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی گئی۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے، رواں ہفتے میں 3674 کومبنگ آپریشنز کے دوران 1431 مشتبہ افراد گرفتارکئے، کومبنگ آپریشنز میں 186331 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
حکام کے مطابق سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں۔