کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کے علاقہ پرانا گولیمار میں ذہنی معذور خاتون نے مبینہ طور پر بچے کو نالے میں پھینک دیا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق پرانا گولیمار کے قریب نالے میں کمسن لڑکا گر کر لاپتہ ہوگیا، اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور بچے کی تلاش کا عمل شروع کر دیا۔
ایس ایچ او پاک کالونی چودھری جاوید نے بتایا کہ نالے میں گرنے والے لڑکے کی شناخت 10 سالہ حیدر علی کے نام سے کی گئی، ابتدائی تحقیقات میں دیگر بچوں سے پتہ چلا ہے کہ بچے اپنے گھر کے سامنے کھیل رہے تھے کہ وہاں سے گزرنے والی ذہنی معذور خاتون نے کسی بچے کے تنگ کرنے پر حیدر علی کو نالے میں دھکا دے دیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اندھیرا ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، واقعہ کی اطلاع پر حیدر علی کی والدہ اور اہل محلہ کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی، آخری اطلاعات آنے تک ریسکیو آپریشن جاری تھا۔