ہری پور: (دنیا نیوز) تربیلہ ڈیم کے پاور سٹیشن ہاؤس کے سٹور سے کروڑوں روپے مالیت کے قیمتی تار چوری کا ڈراپ سین ہو گیا۔
پولیس کے مطابق تربیلہ پاور ہاؤس کے کروڑوں روپے مالیتی قیمتی پرزہ جات کی چوری میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، چوری کا مرکزی کردار سکیورٹی ایڈوائزر کارخاص نکل آیا، زیرتفتیش کارخاص کے سنسنی خیز انکشافات پر اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ تحصیل سکیورٹی ایڈوائزری کمیٹی نے اس کارخاص کو سکیورٹی رسک قرار دیا تھا، جولائی میں کارخاص کا چشمہ بیراج سے تبادلہ منسوخ کر کے اکتوبر میں دوبارہ تربیلہ ڈیم پر تعینات کیا گیا۔
پولیس نے چیف انجینئر کی مدعیت میں تھانہ غازی میں قیمتی تار چوری کی ایف آئی آر درج کر لی۔
حکام کے مطابق تربیلہ ڈیم کی حدود میں ہونے والی چوری کی وارداتوں میں بھی موصوف مبینہ طور پر ملوث ہے، کارخاص پر تربیلہ ڈیم سے مچھلی کے غیر قانونی شکار کرنے والوں سے لاکھوں روپے ماہانہ بھتہ وصولی کا بھی الزام ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تربیلہ ڈیم کے مرکزی سٹور سے چوری کیس میں جلد بڑی برآمدگی کا امکان ہے۔