لاہور: (دنیا نیوز) آرگنائزڈ کرائم یونٹ ماڈل ٹاؤن اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں انتہائی خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس ٹیم لاہور شہر سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 104 سے زائد وارداتوں میں ملوث انتہائی خطرناک ڈاکو دانش مسیح عرف چھوٹا نوید کو ساتھیوں کی گرفتاری اور ریکوری کے لیے علاقہ تھانہ نشترکالونی لے جارہی تھی۔
پولیس کے مطابق 4 نامعلوم ملزموں نے اپنے ساتھی کو چھڑوانے کے لئے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، ملزم کے ساتھیوں کی فائرنگ سے ڈاکو دانش مسیح شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جو کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔