سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی پھر میدان جنگ بن گئی، فوٹیج سامنے آگئی

Published On 04 January,2025 08:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی ایک بار پھر میدان جنگ بن گئی، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی میں بیٹا اپنی ماں کو علاج کے لیے لایا مگر اس دوران ڈاکٹر کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر اور لواحقین کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی جس پر ایمرجنسی میدان جنگ بن گئی۔

سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لواحقین ڈاکٹرز کو والدہ کو چیک اَپ کرنے کا کہہ رہے ہیں جس پر ڈاکٹر نے کہا کہ میری ڈیوٹی یہاں نہیں، دوسرا ڈاکٹر آکر دیکھے گا۔

اس پر دونوں آپس میں الجھ پڑے اور ڈاکٹر نے تھپڑ رسید کیا جس پر دیگر لواحقین بھی اگئے اور معاملہ مزید خراب ہوا۔

ایمرجنسی کے سکیورٹی گارڈز نے بعد میں لواحقین پر مکوں کی بارش کر دی۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں جو تمام تر تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے گی۔

واقعہ کو گزرے 20 گھنٹے ہوگئے مگر اب تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔