یونان کشتی حادثے میں بدنام زمانہ انسانی سمگلر سمیت 3 ملزم گرفتار

Published On 10 January,2025 04:42 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کے دوران یونان کشتی حادثے میں بدنام زمانہ انسانی سمگلر سمیت 3 ملزم گرفتار کر لیے۔

گرفتار ملزموں کی شناخت مدثر علی، علی سلطان اور محمد نوید کے نام سے ہوئی، ملزموں کو گوجرانوالہ، وزیر آباد اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا، ملزم مدثر علی یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے۔

ملزم نے متاثرہ رحمان علی کو کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کے لئے 28 لاکھ روپے بٹورے، لیبیا میں متاثرہ شخص کو سیف ہاؤس میں رکھا گیا اور بعد ازاں کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کی کوشش کی، کشتی حادثے میں متاثرہ شخص کی موت واقع ہوئی۔

ملزم کی گرفتاری کے لئے متعدد بار چھاپے مارے گئے جبکہ ملزم علی سلطان اور محمد نوید نے شہری کو اٹلی ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث ہیں۔

ملزموں نے شہری سے مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے بٹورے، گرفتار ملزم متاثرہ شخص کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے، ملزم بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے جنہیں گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔