کچے میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی، بڈانی جتوئی گینگ کے 2 ڈاکو ہلاک

Published On 09 January,2025 06:29 pm

شکارپور: (دنیا نیوز) کچہ ایریاز میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن نے ڈاکوؤں کی کمر توڑ دی، پولیس اور رینجرز کی کوٹ شاہو کے کچہ ایریا میں مشترکہ کاروائی کے دوران بڈانی جتوئی گینگ کے دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

ایس ایس پی شکار پور شاھزیب چاچڑ نے بتایا کہ آپریشن میں اغواء برائے تاوان جیسے جرائم کے اہم سرغنہ اور بدنام زمانہ ڈاکو باغ علی بڈانی اور مصری بڈانی جتوئی کو واصل جہنم کیا جبکہ آپریشن میں زخمی ہونیوالے ڈاکوؤں میں نوٹیفائیڈ ڈکیت علی مراد بڈانی سمیت غلام مصطفيٰ،عبدالجبار جتوئی،راحب جتوئی، اور علی مردان شامل ہیں۔

ایس ایس پی شکارپور کا کہنا تھا کہ دو ماہ سے جاری آپریشن میں مجموعی طور پر 20 ڈاکو ہلاک جبکہ 70 زخمی ہوئے ہیں، شکارپور پولیس اور ونگ کمانڈر رینجرز کی قیادت میں مشترکہ ٹارگيٹڈ آپریشن جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ شکارپور کے کچے کو مکمل طور پر ڈاکوؤں سے پاک کرنیکا عزم کر رکھا ہے، آپریشن میں بکتربند گاڑیاں اور جدید مشینری کے ساتھ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے۔

ایس ایس پی شکارپور کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے خالی کرائی گئے علاقوں میں پولیس چوکیاں قائم کردی گئی ہیں، ہم شکارپور کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیئے کوشاں ہیں۔