اسلام آباد ایئرپورٹ پر لیبیا سے آنیوالے 2 مسافروں سمیت 3 ملزمان گرفتار

Published On 22 January,2025 02:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے امیگریشن نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتےہوئے لیبیا سے آنے والے 2 مسافروں سمیت 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

ایف آئی اے کے مطابق حراست میں لیے گئے مسافروں کی شناخت فرحان اشرف، علی ذیشان اور تقی الحسن سجاد کے نام سے ہوئی، فرحان اشرف اور علی ذیشان نامی مسافروں نے یورپ جانے کے غرض سے ثاقب جج نامی ایجنٹ کو بھاری رقوم ادا کیں۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافروں نے ایجنٹ کے ذریعے فیصل آباد سے لیبیا براستہ دبئی اور مصر سفر کیا، لیبیا میں کچھ عرصہ قیام کے بعد ایجنٹس نے مسافروں کو کشتی کے ذریعے اٹلی کی جانب بھجوانے کی کوشش کی، بعد ازاں مسافروں کو لیبیائی حکام نے حراست میں لے کر پاکستان واپس بھیج دیا۔

ایک اور کارروائی میں شناخت بدل کر بیرون ملک سفر کرنے والا مسافر گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزم نے اشرف عباس کی شناخت استعمال کرتے ہوئے سپین جانے کی کوشش کی، امیگریشن کلیئرنس کے دوران ملزم کو مشکوک پایا گیا۔

حکام کے مطابق ملزم کا اصل نام تقی الحسن سجاد ہے جس نے اشرف عباس کی سفری دستاویزات استعمال کر کے بیرون ملک جانے کی کوشش کی، ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔