لاہور: (دنیا نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں آپریشنز کے دوران 10 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں 163 انٹیلجنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کیے گئے، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 10 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا، کارروائیاں لاہور، راولپنڈی، شیخوپورہ، میانوالی، سرگودھا اور فیصل آباد میں کی گئیں۔
راولپنڈی سے فتنہ الخوارج کے 3 جبکہ لاہور سے ایک خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، ایک آئی بی ڈی بم، 11 حفاظتی فیوز، 22 فٹ تار، پمفلٹ اور نقدی برآمد ہوئی، دہشتگردوں کی شناخت حافظ محمد رفیق، اکبر، زین اللہ، اویس احمد، احسان، سجاد، لقمان اور ندیم کے ناموں سے ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام نے مزید کہا ہے کہ دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے، رواں ہفتے میں 2893 کومبنگ آپریشنز کے دوران 736 مشتبہ افراد گرفتار کیے، کومبنگ آپریشنز میں 111849 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔