تعلیمی اداروں میں ماردھاڑ نہیں کھیلوں کو فروغ دینا ہوگا: گورنر پنجاب

Published On 24 January,2025 05:13 pm

لاہور:(دنیانیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں ماردھاڑ کی سیاست نہیں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہوگا۔

 گورنرہاؤس لاہور میں سردار سلیم حیدر سے فن پہلوانی سے وابستہ کھلاڑیوں نے ملاقات کی اور تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ پر پیپلزپارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، اتحادی حکومت میں ہونے کے باوجود مشاورت نہیں کی جاتی، بڑے بڑے فیصلے اور منصوبے شروع کئے جاتے ہیں اور بتانا پسند نہیں کیا جاتا ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے کھلے رہنے چاہیے، نوجوانوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے ضروری ہے، پنجاب سپورٹس سے وابستہ افراد کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرنا بہت ضروری ہے۔

سردار سلیم حیدرنے کہا کہ ہمارے ہونہار کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ نوجوان کے لئے کھیلوں کے میدان آباد کئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مراکش، یونان جیسے کشتی حادثوں سے بچنے کے لیے نوجوان نسل کو ملک میں اچھے روزگار دینا ہوں گے تاکہ غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے سے گریز کریں۔