ایف بی آر کی کارروائی، فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم میں ہیر پھیر پر3ایجنٹ گرفتار

Published On 01 February,2025 05:17 pm

کراچی:(دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم میں ہیر پھیر کرنے کی کوشش پر ملوث درجنوں ایجنٹس کے لائسنس معطل، تین افراد گرفتار کرلیے ۔

شہر قائد میں ایف بی آر کی ٹیم نے کارروائی کی ، جبکہ اور ایک اپریزنگ افسر کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا جبکہ ایف بی آر نے متوقع ہیر پھیر پر کراچی کسٹمز کی ٹیم کو مسلسل کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔

ترجمان ایف بی آر کا کہنا تھا کہ فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم میں ہیر پھیر کرنے میں ملوث پائے گئے افراد کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی گئی ہے، کراچی کسٹمز نے اس غیر قانونی سرگرمی میں شامل 45 ایجنٹس کے کسٹمز لائسنس معطل کر د یئے ہیں۔

اسی طرح جن ایجنٹس کے لائسنس معطل کئے گئے انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیئے گئے ہیں، ہیر پھیر میں ملوث ایک اپریزنگ افسر کو معطل کرکے اسکے خلاف باضابطہ تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں، اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ایجنٹس، اپریزنگ افسر اور دیگر پرائیویٹ افراد کے خلاف فوجداری مقدمہ بھی درج کر لیا گیاہے۔

ترجمان نےبتایا کہ ایف بی آر نے معاملے کی چھان بین کے لئے ایک تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل د ے دی گئی ہے، اب تک تین افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کسٹمز کلیئرنس کا کام موثر طریقے سے انجام دے رہا ہے۔

دوسری جانب اس سسٹم کو کسٹمز کلیئرنس کے میدان میں اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے ایک انقلابی قدم قرار دیاجا رہا ہے، وزیر اعظم پاکستان نے تقریباً دو ہفتے پہلے فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا تھا۔